ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاویری مسئلہ پر مودی نے کرناٹک سے ناانصافی کی ہے: دنیش گنڈو راؤ

کاویری مسئلہ پر مودی نے کرناٹک سے ناانصافی کی ہے: دنیش گنڈو راؤ

Fri, 16 Sep 2016 12:30:40    S.O. News Service

بنگلورو۔15/ستمبر(ایس او نیوز) کاویری اور مہادائی تنازعات کے سلسلے میں وزیراعظم مودی نے کرناٹک کے ساتھ سوتیلا رویہ اپنایا ہے۔ یہ بات آج کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے کار گذار صدر دنیش گنڈو راؤ نے کہی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک کو کانگریس سے آزاد کرانے کا نعرہ دینے والے مودی سیاسی فائدہ کیلئے کاویری اور مہادائی تنازعہ کو نظر انداز کرکے ریاست کی کانگریس حکومت کو بدنام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کاویری مسئلے پر گندی سیاست پر اتر آئی ہے۔ دوریاستوں کے مابین تنازعہ کو خوشگوار ماحول میں حل کرنے کیلئے پہل کرنے کی بجائے وزیراعظم اس تنازعہ کو مزید طول دینے کی کوشش کررہے ہیں تو دوسری طرف ریاستی بی جے پی لیڈران یہ گمراہ کن بیان دے رہے ہیں کہ وزیراعظم اس تنازعہ میں مداخلت نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے بھی جب دونوں ریاستوں کے درمیان تنازعہ پیدا ہوا تھا تو اس وقت کے وزرائے اعظم نے مداخلت کرتے ہوئے اس تنازعہ کو سلجھانے کی کامیاب سعی کی تھی، لیکن کاویری اور مہادائی مسئلے پر مداخلت کرنے سے مودی کا انکار کئی طرح کے شکوک وشبہات کو ہوا دیتا ہے، دو ریاستوں کے درمیان مصالحت کرانے میں وزیر اعظم کی صلاحیتوں پر سوالیہ نشان لگ چکے ہیں، اس کے باوجود بھی مودی خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ نے کاویری اور مہادائی کے مسئلے پر اب تک مودی کو پانچ سے زائد مکتوب روانہ کئے ہیں، ایک خط کا بھی وزیراعظم نے جواب نہیں دیا، ریاستی حکومت کاویری مسئلے پر وزیراعظم سے نمائندگی کیلئے ان کے دفتر سے مسلسل ربط میں ہے، لیکن وزیر اعظم ہیں کہ وزیراعلیٰ کو ملاقات کا وقت دینے پر آمادہ نہیں ہیں۔ وزیر اعظم کا یہ موقف ان شبہات کو پختہ کرتا ہے کہ کرناٹک کے ساتھ وہ ناانصافی پر اتر آئے ہیں، وفاقی نظام کے تحت وزیر اعظم کا یہ رویہ ملک کیلئے فال نیک نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی بی جے پی لیڈران یڈیورپا، جگدیش شٹر، مرکزی وزراء اننت کمار، ڈی وی سدانند گوڈا وغیرہ اس معاملے میں راہ فرار کی سیاست اختیار کررہے ہیں۔کاویری مسئلے پر اب تک ان لوگوں نے اپنا موقف واضح نہیں کیا اور آج تک یہ بھی نہیں کہاکہ یہ لوگ وزیراعظم سے ملاقات کرکے کاویری مسئلے کو سلجھانے کیلئے مداخلت کی گذارش کریں گے۔ ان لیڈران کے رویہ سے ریاستی بی جے پی کے موقف پر عوام میں  کئی طرح کے شکوک پیدا ہوچکے ہیں۔ 


Share: